عمران خان زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے روانہ
لاہور (قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لاہور میں واقع اپنی رہائش گاہ زمان پارک سے لاہور ہائی کورٹ میں پیشی کے لیے روانہ ہو گئے۔عمران خان اپنے خصوصی حفاظتی اسکواڈ کے ہمراہ قافلے کی صورت میں عدالتِ عالیہ کی سمت روانہ ہوئے ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ جاتے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکن بڑی تعداد میں اپنے چیئرمین کے ہمراہ ہیں۔
عمران خان کے زمان پارک سے لاہور ہائیکورٹ روانگی کے مناظر#چلو_چلو_عمران_کے_ساتھ pic.twitter.com/20nWk2YBiX
— PTI (@PTIofficial) March 21, 2023
عدالت نے آج سوا 2 بجے طلب کیا ہے
لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان کو اسلام آباد کے 2 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے آج سوا 2 بجے پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔جسٹس شہباز رضوی اور جسٹس فاروق حیدر نے عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں تھانہ گولڑہ اور سی ٹی ڈی کے مقدمات میں حفاظتی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی۔
عدالت نے قرار دیا تھا کہ حفاظتی ضمانت چاہیے تو عدالت میں مقررہ وقت پر موجود ہوں، یہ نہیں ہو گا کہ وہ 7 یا 8 بجے آ رہے ہیں۔
عدالت نے عمران خان کے دستخط اسکین شدہ ہونے کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے وکیل کو تصدیق کی ہدایت بھی کی تھی۔جسٹس شہباز رضوی نے وکیل کو کہا کہ وہ یہ بھی تصدیق کریں کہ دستخط عمران خان کے ہیں یا نہیں۔