ہمارا نعرہ تھر بدلے گا پاکستان حقیقت میں تبدیل ہوتا جارہا ہے، بلاول بھٹو
تھرپارکر (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وفاق سندھ سے تعاون کر رہا ہے، ہمارا نعرہ تھر بدلے گا پاکستان حقیقت میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے تھرپارکر شنگھائی الیکٹرک منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ خوشی ہے وزیر اعظم تھر میں موجود ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر کام کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تھر کول بورڈ کا ہیڈ وزیراعلیٰ سندھ اور وائس ہیڈ وفاقی وزیر ہے، پچھلے چار سال سے تھرکول پر محنت کررہے تھے۔
لائیو: اسلام کوٹ، تھر کول پاور پروجیکٹ میں 1320 میگاواٹ اور 330 میگاواٹ کے توانائی کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب https://t.co/SshHqLvKUf
— PPP (@MediaCellPPP) March 22, 2023
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت ملکر کام کررہی ہےتو واضح فرق محسوس ہورہا ہے، تھر کول سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے، چند سالوں میں تھرپارکر کی شکل تبدیل ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار میں بہتری آئی ہے، روزگار کے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں، پاور جنریشن میں کام کرنے والے مختلف علاقوں سے آئے ہیں، تھرکول کی وجہ سے پورے پاکستان سے لوگ تھرپارکر آکر کام کررہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ماضی میں تھرپارکر سے لوگ دوسری جگہ کام کرنے جاتے تھے لیکن لوگ اب تھرپارکر آکر کام کر رہےہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ تنقید کرتےہیں لیکن تنقید کا جواب یہ تھرکول منصوبہ ہے، ملکر کام کرنے سے میرا یا آپ کا نہیں ملک کا نام ہوتا ہے۔