جلتے پیٹرول ٹینکر سے آبادی کو بچانیوالے ڈرائیور نے تمغۂ شجاعت ملنے پر کیا کہا؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جلتے پیٹرول ٹینکر کو جان پر کھیل کر آبادی سے دور لے جانے والے ڈرائیور فیصل بلوچ نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے تمغۂ شجاعت ملنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔کوئٹہ میں ٹینکر ڈرائیور فیصل بلوچ نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمغۂ شجاعت ملنے پر بہت خوش ہوں، تمغہ دیتے وقت صدرِ مملکت نے مجھے بہت سراہا۔
ٹینکر ڈرائیور فیصل بلوچ نے یہ بھی کہا کہ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ انہیں مجھ پر فخر ہے۔واضح رہے کہ فیصل بلوچ کو گزشتہ سال جون میں ان کی بہادری پر گزشتہ روز ایوانِ صدر میں تمغۂ شجاعت سے نوازا گیا تھا۔
فیصل بلوچ کا کارنامہ
فیصل بلوچ شجاعت کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ لگے ٹینکر کو کوئٹہ میں چلا کر آبادی سے 3 کلو میٹر دور میدان میں لے گئے تھے۔فائر بر یگیڈ نے آگ پر قابو پا لیا تھا، اس واقعے میں ڈرائیور کی جرأت و بہادری کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہواتھا۔
پولیس کے مطابق کوئٹہ کے قمبرانی روڈ پر واقع پیٹرول پمپ کی ٹینکی میں آئل ٹینکر پیٹرول خالی کر رہا تھا کہ اچانک ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
آرمی چیف کا خصوصی انعام
سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے حکم پر فیصل بلوچ کے جرأتمندانہ اقدام پر انہیں کورہیڈکوارٹر کوئٹہ میں بلا کر خصوصی انعام سے نوازا گیا تھا۔
سرکاری نوکری کا اعلان
وزیرِ اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے بہادری کے اس کارنامے پر ڈرائیور فیصل کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا تھا۔