تحریک انصاف کے سابق ارکان اسمبلی ودیگر رہنما اینٹی کرپشن کے نشانے پر ، شکنجہ کسنے کی تیاریاں


لاہور(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے مزید رہنما و سابق صوبائی وزیر اور ارکان اسمبلی اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے ، شکنجہ کسنے کی تیاریاں . سابق حکمراں جماعت کے سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد ، خیال احمد کاسترو ، سابق ایم پی ایز محمد لطیف نذر ،ملک عمر فاروق اور شکیل شاہد کے خلاف اینٹی کرپشن نے تحقیقات شروع کر دی ہیں .

سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد کے خلاف پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ ، ہائی وے ڈویژن میں گھپلوں کا انکشاف ہوا ہے کہ انہوں نے ضلع کونسل ، میونسپل کمیٹی ، لوکل گورنمنٹ ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ میں گھپلے کیے اور اپنے حلقے میں 268 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں .
سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو نے اپنے حلقے میں 151 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں . ان پر ہوم اکنامکس کالج کی تعمیر ، بورے والا کرکٹ گراؤنڈ ، ریجنل بلڈ سینٹر کی تعمیر میں گھپلے کا الزام ہے . سابق رکن صوبائی اسمبلی محمد لطیف نذر نے اپنے حلقے میں 123 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں . ان پر تمام ترقیاتی اسکیموں کے ٹھیکے من پسند اور فرنٹ مینوں کو دینے کا الزام ہے .
انہوں نے ٹھیکے مارکیٹ ریٹس سے زیادہ قیمت پر دیے جب کہ لطیف نذر کی تمام ترقیاتی اسکیموں میں استعمال ہونے والا میٹریل ناقص ہے . لطیف نذر نے تمام پیسے ہڑپ کر لیے، مگر منصوبے نامکمل ہیں . اینٹی کرپشن کے مطابق سابق ایم پی اے ملک عمر فاروق نے اپنے حلقے میں 197 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں . ملک عمر فاروق نے ٹھیکے من پسند افراد کو دے کر کروڑوں روپے کمیشن وصول کیا . سابق ایم پی اے شکیل شاہد نے اپنے حلقے میں 177 ترقیاتی اسکیمیں منظور کروائیں . شکیل شاہد نے پیسے ہڑپ کر لیے مگر بیشتر اسکیمیں نامکمل ہیں . سابق صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد ، سابق ایم پی اے لطیف نذر کو 4 اپریل کو طلب کر لیا گیا ہے جب کہ سابق صوبائی وزیر خیال احمد کاسترو ، سابق ایم پی اے ملک عمر فاروق اور شکیل شاہد کو3 اپریل کو طلب کیا گیا ہے .

. .

متعلقہ خبریں