منوج باجپائی نے ’غصے کا تیز‘ ہونے کا اعتراف کرلیا
ممبئی (قدرت روزنامہ) بھارتی فلم انڈسٹری کے سپر سٹار منوج باجپائی نے اعتراف کیا ہے کہ وہ غصے کے تیز ہیں۔ایک حالیہ انٹرویو میں اداکار منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ میں غصے کا تیز ہوں اور اس میں میری پرورش اور فیملی پس منظر کا دخل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ میں گھر میں سب سے بڑا لڑکا تھا اور ہم چھ بہن بھائی تھے، بڑا بیٹا ہونے کی وجہ سے میں والد کی طرح تھا۔منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ بڑا ہونے کی وجہ سے مجھ پر بہت ساری ذمہ داریاں تھیں، اگرچہ وہ ساری ذمہ داریاں میری نہیں تھیں لیکن مجھے اٹھانی پڑیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس زمانے میں غصہ میرا شدید ترین جذبہ تھا اور گزشتہ کچھ برسوں سے یہ غصہ اب بہت کم ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ منوج باجپائی نے اپنا آخری پروجیکٹ شرمیلا ٹیگور کے ساتھ فلم ’گل موہر‘ میں کیا تھا اور وہ اب اپنی ویب سیریز ’دی فیملی مین‘ کے تیسرے سیزن پر کام کررہے ہیں۔