عمران خان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مجسٹریٹ منظور احمد کی مدعیت میں ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔تھانہ رمنا میں سابق وزیراعظم کے خلاف درج مقدمے میں 3 دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ بول ٹی وی پر عمران خان کی تقریر سنی، عمران خان نے جنرل فیصل نصیر پر متعدد الزامات لگائے، عمران خان نے کہا کہ آئی ایس آئی کے ایما پر جنرل فیصل مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے بھی عمران خان اس طرح کی تقاریر کر چکے ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق عمران خان نے پاک فوج کے افسران پر الزامات لگا کر ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ عمران خان نے ریاست کو کمزور کرنے سازش کی ہے۔مقدمے میں علی امین گنڈا پور اور اسد کے درمیان ہونے والی آڈیو کو متن کا حصہ بنایا گیا۔علاوہ ازیں علی امین گنڈا پور کی جانب سے پولیس کو بھی کارروائی سے روکنے کے بارے میں گفتگو کو مقدمے کے متن کا حصہ بنایا گیا ہے۔
مقدمے کے مطابق علی امین کی جانب سے کہا گیا عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔ مقدمے کے متن میں ائرپورٹ کے نزدیک اسلحہ پہنچانے کے متعلق بھی کہا گیا۔ علی امین گنڈا پور نے پولیس کو بھی سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔علی امین گنڈاپور کے خلاف مجسٹریٹ قیصر نعیم کی مدعیت میں تھانہ گولڑہ میں بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔