عدنان صدیقی نے پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لے لیا
کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز کے سینئر اداکار عدنان صدیقی نے شرمین عبید چنائے کو ایشائی خاتون کہنے پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔گزشتہ دنوں پاکستان کی ہدایتکارہ شرمین عبید چنائے کو ہالی ووڈ کی اسٹار وارز فلم کی ہدایتکار منتخب ہونے پر بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا تھا کہ شرمین پہلی جنوبی ایشائی خاتون ہیں جو اسٹار وارز فلم کیلئے بطور ہدایتکار چن لی گئی ہیں۔
پریانکا چوپڑا کے اس بیان پرعدنان صدیقی نے اپنی ٹوئٹ میں اداکارہ کو مینشن کرتے ہوئے ان کی تصحیح کردی ہے۔ عدنان صدیقی نے پریانکا کو یاد دلایا کہ شرمین عبید چنائے پہلے پاکستانی اس کے بعد ایشیائی خاتون ہیں۔
انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’احترام کے ساتھ پریانکا کی معلومات میں اضافے کیلئے شرمین عبید چنائے جنوبی ایشیائی ہونے سے پہلے ایک پاکستانی ہیں بالکل اسی طرح جیسے آپ کو جب بھی موقع ملتا ہے تو آپ جنوبی ایشیائی ہونے کا دعویٰ کرنے سے پہلے اپنی بھارتی قومیت کا اظہار کرتی ہیں۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے آسکر ایوارڈ یافتہ پاکستانی فلم ساز شرمین عبید چنائے نے بتایا تھا کہ انہیں ہالی ووڈ کی مشہور سیریز ’اسٹار وارز‘ کی فلم ڈائریکٹ کرنے کے لئے منتخب کر لیا گیا ہے۔