وڈھ میں ٹریفک حادثہ، 6 پولیس اہلکار جاں بحق ایک زخمی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) خضدار کی تحصیل وڈھ میں ٹریفک حادثے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع خضدار کی تحصیل وڈھ میں ٹریفک حادثے میں 6 پولیس اہلکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا، لیویز پولیس کے مطابق کوئٹہ سے عید کی چھٹیاں منانے اپنے گھر ضلع لسبیلہ جانے والے زیر تربیت پولیس اہلکاروں کی گاڑی وڈھ کے قریب تیز رفتاری کے باعث ٹرک سے ٹکرا گئی۔
لیویز پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال وڈھ منتقل کیا گیا جہاں ضروری کارروائی کے بعد ان کے آباہی علاقہ ضلع لسبیلہ روانہ کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وڈھ کے قریب قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثے میں 6 زیر تربیت پولیس اہلکاروں کے جاں بحق ہونے ہر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ سوگوار خاندانوں سے تعزیت ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں لواحقین کے ساتھ ہیں، انہوں نے انتظامیہ اور محکمہ صحت کو فوری امدادی سرگرمیوں اور زخمیوں کو بہترین علاج فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ دعا ہے کہ اللہ تعالئ مرحومین کی مغفرت اور سوگوار وں کو صبر جمیل عطا کرے، وزیراعلیٰ نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہکوئٹہ کراچی شاہراہ پر حادثات میں اضافہ اور قیمتی جانوں کا ضیاع باعث تشویش ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ وزیراعظم محمد شریف سے درخواست ہے کہ شاہراہ کو دو رویہ بنانے کے منصوبے پر عملدرآمد تیز کر کے اسسے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے موٹر وے پولیس اور انتظامیہ کو حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اسٹریٹیجی بنانے کی ہدایت بھی کی۔