عمران خان کو عید تعطیلات کے دوران ہراساں نہ کرنے کا حکم
اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ہائی کورٹ نے عید الفطر کی چھٹیوں کے دوران عمران خان کو ہراساں نہ کرنے کا حکم دے دیا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے عید کے دنوں میں ممکنہ گرفتاری کو عدالت کی پیشگی اجازت سے مشروط کرنے اور مقدمات کی تفصیلات کی درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہوئی، جہاں چیف جسٹس عامر فاروق کے روبرو درخواست گزار عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ فیصل چوہدری پیش ہوئے۔
عمران خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سراج الحق زمان پارک آئے، مذاکرات کی اچھی کاوش ہوئی۔ اگلی صبح ہم نے دیکھا کہ سندھ کے ہمارے صدر کو اٹھا لیا گیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اِس واقعے سے ظاہر ہے ایک بیڈ ٹیسٹ پیدا ہوا۔
وکیل نے کہا کہ ہمیں خدشہ ہے عید کی 5 چھٹیوں میں یہ پھر کوئی آپریشن کریں گے، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مقدمات کی تفصیلات تو طلب کر سکتا ہوں میں اور کوئی خالی آرڈر کیسے کروں؟۔بعد ازاں عدالت نے عمران خان کی درخواست پر عید کی چھٹیوں میں انہیں ہراساں نہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے وفاق، پولیس اور ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیے اور کیسز کی تفصیلات طلب کرلیں۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست عید کے بعد تک زیر التوا ہی رکھنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے درخواست 27 اپریل کو دوبارہ سماعت کے لیے مقررکرلی۔
دریں اثنا عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے بھی عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔بشریٰ بی بی کی جانب سے تحریک انصاف کے وکلا نے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن ہوگا۔ پہلے بھی عمران خان کی غیر موجودگی میں پولیس نے گھر پر حملہ کیا۔ عدالت پولیس کو عید کی تعطیلات میں زمان پارک میں آپریشن روکنے کا حکم دے۔