وہ ممالک جن کے شہریوں پر کویت نے ہوٹل میں قرنطینہ کی پابندی ختم کرنے کا اعلان کر دیا
کویت سٹی(قدرت روزنامہ)کویت نے ملک آنے کے خواہش مند غیرملکی گھریلو ملازمین کے لیے ہوٹل قرنطینہ کی پابندی ختم کردی لیکن مکمل ویکسی نیشن ضروری ہے۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کویتی کابینہ نے ویکسین یافتہ گھریلو کارکنان کو قرنطینہ کی پابندی سے مستثنی قرار دے دیا ہے۔ فلپائن، بھارت، بنگلادیش اور سری لنکا سے آنے والے ویکسین یافتہ گھریلو عملے کو ہوٹل قرنطینہ کی پابندی نہیں کرنا پڑے گی، حکومت نے انہیں ریلیف دے دیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ گھریلو ملازمائیں اور دیگر کارکن ہوٹل قرنطینہ کے بغیر اپنے کفیل کے یہاں براہ راست آسکیں گے، تاہم گھریلو عملے کے لیے پابندی یہ ہے کہ وہ کویت میں رجسٹرڈ ویکسینوں میں سے کسی ایک ویکسین لگوا چکے ہوں اور کویتی ایپ ’مناعہ‘ پر ویکسین سرٹیفکیٹ ڈاو¿ن لوڈ کرنا بھی ضروری ہوگا۔
دریں اثنا گھریلو عملے کو پی سی آر ٹیسٹ کویت پہنچنے سے 72 گھنٹے قبل کرانا ہوگا۔خیال رہے کہ ہوٹل قرنطینہ تو ختم کردی گئی لیکن گھر میں آئسولیشن اختیار کرنا ہوگی، گھریلو آئسولیشن کے ہفتے کے پہلے تین روز کے دوران ایک اور ٹیسٹ کرانا ہوگا۔ آئسولیشن ٹیسٹ کا رزلٹ منفی آنے پر ختم ہوگا۔