ثاقب نثار کا بیٹا ٹکٹ کا ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لے رہا ہے، عطا تارڑ


لاہور (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ثاقب نثار کا بیٹا ٹکٹ کا ایک کروڑ بیس لاکھ روپے لے رہا ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ تحریک انصاف کے صوبائی ٹکٹوں میں پیسے کی لین دین کے حوالے سے ثبوت سامنے آ چکے، اعجاز چوہدری ملاقات کے کروڑوں روپے مانگتے رہے۔
عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ جلیل شرقپوری کو ٹکٹ اس لیے نہیں ملا کیونکہ وہ پورے پیسے نہ دے سکے، جیسے ٹینڈر آتا ہے اسی طرح پی ٹی آئی ٹکٹ کے لیے کم بولی والوں کو ریویو کمیٹی میں ڈال دیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نگراں جج مقرر کر کے عمران خان کو بھرپور موقع دیا کہ نواز شریف اور ان کی جماعت کے ہاتھ پیر باندھ دیے گئے۔
وزیرِ اعظم کے معاون خصوصی کا کہنا ہے کہ خواجہ طارق رحیم ہماری جماعت کے لوگوں کو دھمکی دیتے ہیں، ثاقب نثار اور طارق رحیم نے مریم نواز سے متعلق نازیبا گفتگو کی۔
مسلم لیگ کے رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کی محبت میں سابق چیف جسٹس نے نیازی آف شور سروسز کیس میں اسے صادق و امین قرار دے دیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز شریف کو نااہل کر کے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیل دیا گیا۔