وزیراعظم کی وفاقی اور صوبائی محکموں کو کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کی ہدایت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی اور وفاقی محکموں کو کسانوں سے براہ راست گندم خریدنے کی ہدایت کردی اور کہا ہے کہ اس عمل سے کاشت کار کو بھرپور فائدہ پہنچے گا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سرکاری سطح پر گندم کی خریداری پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ، مشیر وزیراعظم احد خان چیمہ، معاون خصوصی طارق باجوہ، نگران صوبائی وزیر برائے انڈسٹریز پنجاب ایس ایم تنویر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِ اعظم کو رواں سال ملک بھر میں گندم کی گزشتہ دس سال کی نسبت 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن سے زیادہ پیداوار کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں گندم کے موجودہ ذخائر، کیری فارورڈ ذخائر، وفاقی و صوبائی محکموں کے خریداری کے اہداف اور پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
وزیرِ اعظم نے وفاقی وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور متعلقہ حکام کو مبارک باد دی اور وزارت کے اقدامات کی پذیرائی کی۔ وزیرِ اعظم نے تمام اداروں کو اپنے اہداف میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں گندم کی 2 کروڑ 75 لاکھ میٹرک ٹن ریکارڈ پیدوار پر اظہارِ تشکر کیا اور کہا کہ خدا کے فضل و کرم سے ملک میں اس سال گندم کی گزشتہ دس سال کی بہ نسبت سب سے زیادہ پیداوار ہوئی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ حکومت کی کسانوں کو معیاری بیج، کھاد کی بلاتعطل فراہمی، کسان پیکیج اور بروقت فیصلوں کی بدولت گندم کی شاندار پیداوار کا حصول ممکن ہوا، گزشتہ سال بارشوں اور سیلاب کے باوجود گندم کی بمپر کراپ حکومت کے بروقت فیصلوں اور بہترین گورننس کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں ںے کہا کہ تمام تر مالی مشکلات کے باوجود گندم کی بمپر پیداوار پر کاشت کار اور پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، آئندہ سال حکومت اس سے بھی زیادہ پیداوار کے لیے حکمتِ عملی مرتب کر رہی ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ نااہل حکومت کی بد انتظامی کی وجہ سے پاکستان گندم در آمد کرنے والا ملک بن گیا، گزشتہ حکومت نے کسانوں کو کھاد کیلئے پورا پورا دن لمبی قطاروں میں کھڑا رکھا، صوبائی و وفاقی محکمے براہِ راست کسانوں سے گندم خریں، تاکہ کاشتکار کو بھرپور فائدہ پہنچے۔
شہباز شریف نے کہا کہ تمام صوبائی اور وفاقی ادارے گندم خریداری کا اپنا ہدف بڑھائیں تاکہ پورا سال گندم کی بلاتعطل فراہمی ممکن ہو، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی یقینی بنائی جائے، تمام افسران گندم کی بروقت خریداری یقینی بنائیں، گندم کی متعین کردہ مقدار کے حصول کے لیے درکار وسائل کو بینکوں کے ذریعے مہیا کیا جائے۔