پی ٹی آئی ریلی روکنے کیلیے راولپنڈی اسلام آباد جنکشن فیض آباد سیل
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کی ریلی کو روکنے کے لیے جڑواں شہروں کو ملانے والے مقام فیض آباد کو سیل کردیا گیا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کو ملانے والے جنکشن فیض آباد کو مکمل طور پر سیل کرکے جڑواں شہروں کی انتظامیہ نے کنٹینرز لگا دیے ہیں۔ یہ اقدام پی ٹی آئی کی مزدور ڈے ریلی کو اسلام آباد میں داخلے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں فیض آباد کو سیل کرنے کا مقصد سہالہ آئل کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کی آئل ٹینکرز ریلی کو بھی اسلام آباد داخلے سے روکنا ہے۔
فیض آباد کے مقام پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے اور مزید کنٹینرز بھی پہنچا دیے گے ہیں۔ اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک اسٹیڈیم روڈ کی جانب موڑ دی گئی ہے جب کہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے شہری ائرپورٹ روڈ استعمال کریں۔ٹریفک پولیس کے مطابق راولپنڈی مری روڈ پر گنجائش سے زائد ٹریفک ہے۔
فیض آباد انٹرچینج کو اچانک سیل کیے جانے کے باعث گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور دونوں شہروں کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک بدترین جام ہوگیا، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ موٹرسائیکل سواروں سمیت بڑی گاڑی والے افراد کو منزل پر پہنچنے کے لیے راستے بند ہونے کے باعث دشواری اٹھانا پڑ رہی ہے۔