مذاکرات سے کچھ حاصل نہ ہوا، اصل مسئلہ ہی الیکشن کی تاریخ طے کرنا ہے: شیخ رشید
راولپنڈی (قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مذاکرات سے نہ کچھ حاصل ہونا تھا نہ کچھ حاصل ہوا ہے، اصل مسئلہ ہی الیکشن کی تاریخ طے کرنا ہے، باقی سب بہانے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں انتشار، خلفشار اور عدلیہ کے خلاف بھونچال تھا، عدلیہ کے بارے میں بازاری زبان استعمال کی گئی، عدلیہ سے لڑنا (ن) لیگ کا وطیرہ رہا ہے، اس بار اگر جمہوریت کا جنازہ نکلا تو پی ڈی ایم اس سازش کی ذمہ دار ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ کب تک صبر سے کام چلائے گی، عدلیہ کی بے حرمتی سپریم کورٹ کے دروازے تک پہنچ گئی ہے، جو ججوں سے حساب مانگ رہے ہیں وہ انتخاب خاک کروائیں گے، قوم بلی چڑھ جائے چور بلی نہیں چڑھنے چاہئیں۔
کل پارلمینٹ میں انتشار خلفشاراورعدلیہ کےخلاف بھونچال تھاعدلیہ کےبارےمیں بازاری زبان استعمال کی گئی عدلیہ سےلڑنان لیگ کاوطیرہ رہاہےاس باراگرجمہوریت کا جنازہ نکلاتوPDMاس سازش کی ذمہ دارہوگی عدلیہ کب تک صبر سےکام چلائےگی عدلیہ کی بےحرمتی سپریم کورٹ کےدروازے تک پہنچ گئی ہے
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) May 3, 2023
شیخ رشید نے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین نے لال حویلی پر غیر قانونی فیصلے کا دباؤ لینے کے بجائے استعفیٰ دینے کو ترجیح دی، 75 سالہ مہنگائی، بیروزگاری کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، خاقان عباسی کہتے ہیں آٹے میں 20 ارب سے بھی زیادہ غبن ہوا ہے، اسحاق ڈار کے ہوتے ہوئے آئی ایم ایف سے جھنڈی ہے تو بجٹ کیا خاک بنانا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ یہ ججوں کے گرد گھیرا تنگ کر رہے ہیں، پارلیمنٹ ہر روز آئین کو پامال اور عدلیہ کی تذلیل کر رہی ہے، عدلیہ دیوار چین ثابت ہوگی، عدلیہ سے ٹکرانے والے رسوا ہوں گے۔