بلاول بھٹو نے بھارت میں جو بات کی وہ پاکستان کا مؤقف ہے، یوسف رضا گیلانی
کراچی (قدرت روزنامہ) سابق وزیرِ اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے بھارت میں جو بات کی وہ پاکستان کا مؤقف ہے۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، عمران خان کے تین جلسوں کے باوجود میرا بیٹا کامیاب کیسے ہوا۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سیاسی استحکام پیدا ہونے کے بعد ریلیف ضرور ملے گا، سیاسی استحکام کے بعد ہی معاشی استحکام ہوگا۔
یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ ملکی سیاسی تاریخ میں متفقہ وزیرِ اعظم بنا ہے، ہم نے اٹھارہویں ترمیم، گلگت بلتستان اور کے پی کو شناخت دی۔سابق وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاشت کار خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہوگا، تمام صوبوں میں الیکشن ایک روز ہونے پر اتفاق ہو چکا تھا۔
ان کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی چھوڑ کر اور صوبائی اسمبلی توڑ کر غلطی کی گئی، مذاکرات مشروط نہیں ہوتے، بات سلجھانی ہو تو بیٹھ کر بات کرنا ہوتی ہے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ آئین کے مطابق اگر وقت پر کوئی عمل نہیں ہو سکا تو اس میں گنجائش موجود ہے۔