پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی منگنی رواں ہفتے ہوگی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور نوجوان سیاستدان راگھو چڈھا رواں ہفتے منگنی کر لیں گے۔بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ خوبرو اداکارہ پرینیتی اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے رہنما راگھو چڈھا دو دن بعد بروز ہفتے کو منگنی کرنے والے ہیں۔ اس خوبصورت جوڑے کی منگنی میں قریبی رشتہ دار اور دوست احباب کو مدعو کیا گیا ہے۔
حال ہی میں مس چوپڑا اور مسٹر چڈھا کو ایک ریسٹورنٹ میں ایک ساتھ ڈنر کرتے دیکھا گیا۔ میڈیا کی جانب سے شادی کی تاریخ کے بارے میں پوچھنے پر دونوں نے اپنی خاموشی برقرار رکھی اور مسکراتے ہوئے گاڑی کی طرف روانہ ہوگئے۔تاہم کہا جارہا ہے کہ پرینیتی اور راگھو چڈھا رواں سال کے آخر میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہو جائیں گے۔
عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجیو اروڑہ نے گزشتہ ماہ کہا انکشاف کیا تھا کہ پرینیتی اور راگھو جلد شادی کرنے والے ہیں۔ یاد رہے کہ راگھو چڈھا اور پرینیتی نے لندن اسکول آف اکنامکس میں ایک ساتھ تعلیم حاصل کی تھی۔ انہیں کئی مرتبہ ائیرپورٹ اور شہر کے مختلف مقامات سمیت آئی پی ایل میچز میں ایک ساتھ دیکھا گیا ہے۔