عمران خان لوگوں کو فتنہ و فساد اور غلط کام کیلئے اکسا رہا ہے، شرجیل میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان لوگوں کو ملک میں فتنہ و فساد، لڑائی جھگڑا اور غلط کام کیلئے اکسا رہا ہے۔سندھ اسمبلی میں بات کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ آج اسمبلی میں قرارداد پیش کی گئی ہے، تین دن سے تماشہ چل رہا ہے جو چھوٹی بات نہیں ہے۔انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص آئین و قانون کو کنٹینر پر روند رہا تھا تب بھی کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم سے اختلافات رہے ہیں مگر ملک کے ایسےحالات کبھی نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں شرپسندی کے کام کیے گئے، لوگوں کو اکسایا گیا، ہر واقعے کی ایف آئی آر میں عمران خان کو نامزد کیا جائے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سننے میں آیا ہے سپریم کورٹ نے ایک گھنٹے میں عمران خان کو پیش کرنے کا کہا ہے، کیا جوڈیشل ریمانڈ میں ہونے والے کسی شخص کو عدالت نے بلایا ہے؟انہوں نے مزید کہا کہ لاڈلے کیلئے آئین قانون کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، مجھے بھی عدالت سے گرفتار کیا گیا تھا مگر اس پر تو کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔