ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہ میں 3 ہزار روپے اضافہ، بلدیہ گوادر میں کرپشن کا خاتمہ کریں گے، ہدایت الرحمن

گوادر (قدرت روزنامہ)حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا رہائی کے بعد پہلی مرتبہ گوادر میونسپل کمیٹی اور ملا فاضل چوک کا دورہ۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی کی جانب سے بلدیہ گوادر کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تخواہوں میں تین ہزار روپے اضافے کا اعلان، ملا فاضل چوک کو چند ماہ کے اندر بحال کرنے کا عزم۔ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔ بلدیہ گوادر میں کرپشن کا خاتمہ کرکے وسائل عوام پرخرچ کریں گے۔ کرپشن ختم اور اخراجات کم کرنے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔عوام نے ذمہ داری سونپی ہے، اعتماد پر پورا اتریں گے۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا کونسلران اور حق دو تحریک کے کارکنان سے خطاب۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے رہائی کے بعد بلدیہ گوادر اور ملا فاضل چوک کا پہلا دورہ کیا۔ چیئرمین بلدیہ محمد شریف میاہ داد، قائم مقام وائس چیئرمین اکرم فدا اور کونسلران نے ان کا سے پرتپاک استقبال کیا اور پھول نچھاور کیے۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے چیئرمین واجہ حسین واڈیلہ، ترجمان حفیظ کیازئی، ڈپٹی آرگنائزر بابر شہزاد اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ نوید کلمتی اور حاجی انور دشتی بھی موجود تھے۔ مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے بلدیہ گوادر کے مختلف سیکشن کا دورہ کیا اور بلدیہ ملازمین سے فرداً فرداً ملے اور ان سے حال احوال بھی کیا۔ اپنے دورے میں مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے میونسپل کمیٹی کے چیئرمین شریف میانداد کی جانب سے بلدیہ کے ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں تین ہزار روپے اضافہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافہ کیا جائیگا اور انکی مستقلی کیلئے اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ گوادر کے عوام کی مینڈیٹ کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے دستیاب وسائل کو عوام پر ہی خرچ کریں گے، کرپشن کا خاتمہ اور فضول اخراجات کی بیخ کنی کیا جائیگا۔ ہم طرح کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔دنیا بھر میں لوکل گورنمنٹ شہر کی صفائی ستھرائی،تجاوزات کی خاتمہ اور روک تھام کی ذمہ دار ہوا کرتے ہیں لیکن یہاں میونسپل کمیٹی کو کرپشن کا گڑھ اور بیت المال اور زکوٰة آفس کا درجہ حاصل رہا ہے۔ہماری ٹیم ایک منظم انداز میں دستیاب وسائل کو عوام کی فلاح وبہبود کیلئے خرچ کرے گی،انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بلدیہ گوادر میں فیول کی مد میں ماہانہ 16/17 لاکھ روپے خرچ ہوا کرتے تھے لیکن اب صرف نو لاکھ روپے، چیئرمین کے گاڑی ماہانہ فیول اخراجات دو سے ڈھائی لاکھ اب صرف 28 ہزار روپے ہے اور چیئرمین کی گاڑی صرف سرکاری امور کیلئے استعمال ہوگی۔ جب حق دو تحریک نے بلدیہ گوادر کی ذمہ داریاں سنبھالیں تو اس وقت اکاو¿نٹ میں صرف 23 لاکھ روپے تھے اور آج ایک کروڑ روپے اکاو¿ںٹ میں ہیں ہم عوام کے وسائل کو عوام پر خرچ کریں گے۔میں بذاتِ خود چیئرمین سمیت تمام کونسلراں کا احتساب کرتا رہوں گا،انکی کارکردگی کا جائزہ لیتا رہوں گا،میونسپل کمیٹی گوادر کو عوامی ادارہ بنائیں گے آنیوالے ہر سائل کی بات سنیں گے اور انکے ہر جائز کام کریں گے۔انہوں نے کہا کہ کونسلران اپنے علاقوں اور عوام کو وقت دیں۔اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔گوادر کی ترقی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر دروازہ کھٹکھٹائیں گے چاہے وہ دروازہ ایم پی اے میر حمل کلمتی کا ہو یا چائینز کا۔گوادر کو سنگاپور کہا جاتاہے لیکن شہر کی حالت ہم سب کے سامنے اور میونسپل کمیٹی کی مشینری بوسیدہ اور ناکارہ ہیں۔ہماری ٹیم خلوصِ نیت سے دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام کی خدمت کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ہم چارسال بعد اپنے آپکو احتساب کیلئے عوام کے سامنے پیش کریں گے۔عوام کارکردگی کی بنیاد پر ہم پر اعتماد کرے گی۔انہوں نے کہاکہ شہر کے مسائل پر عوامی جرگہ کا انعقاد کیا جائیگا جس میں عمائدین شہر،معتبرین،ایم پی اے سمیت ہر شعبہ اور طبقہ فکر کو دعوت دیں گے ،انہوں نے کہا شہر کے مرکز ملا فاضل چوک کو چندماہ کے اندر ہر صورت میں بحال کریں گے،علاوہ ازیں انہوں نے ملا فاضل چوک کا دورہ بھی کیا اور پیغام بھی ریکارڈ کیا۔ اس کے علاوہ گوادر شہر کی صفائی اور دیگر معاملات پر چیئرمین اور کونسلران سے رپورٹ طلب کی اور تاکید کی عوامی خدمت میں کوئی تاخیر نہ ہو اور سائلین کے ہر جائز مسائل کے حل کے لئے بھرپور کوشش کی جائے۔ اس موقع پر چیئرمین سمیت تمام کونسلران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کرکے ہمیں منتخب کیا ہم ان کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔