مسلمانوں سے نفرت کرنا بھارت میں فیشن, نصیرالدین شاہ نے بھارتی حکومت پر اسلاموفوبیا کا الزام عائد کر دیا
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے بھارتی حکومت پر اسلامو فوبیا کا الزام عائد کرتے ہوئےکہا کہ “حکومت وقت نے چالاکی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف لوگوں کے ذہن آلود کردیئے۔”
انڈیا ایکسپریس نیوز کے مطابق بالی ووڈ کی بےشمار فلموں میں اہم کردار ادا کرنے والے اداکار نصیرالدین شاہ نے انٹرویو دیتے ہوئے کہنا ہے کہ “مسلمانوں سے نفرت کرنا بھارت میں ہر طبقے کے لوگوں کا فیشن بن گیا ہے۔” اداکار کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلم کمیونٹی کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “چاہے فلمیں ہوں یا حقیقت مسلمانوں سے نفرت آج کل فیشن بن چکا ہے, یہ پریشان کن وقت ہے مسلمانوں کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے حکومتِ وقت نے چالاکی سے اسلام اور مسلمانوں کے خلاف لوگوں کے ذہن آلودہ کر دیئے ہیں اب پڑھے لکھے اور باشعور ہندو بھی مسلمانوں سے نفرت کرتے ہیں۔”
نصیرالدین شاہ نے سوال اُٹھایا کہ “اگر بھارت سیکولر ملک ہے یہاں جمہوری نظام ہے تو یہ لوگ ہر چیز میں مذہب کو کیوں داخل کر دیتے ہیں؟”