پاکستان قطر کیساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کا خواہاں ہے: صدرمملکت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان قطر کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے اور برادرانہ تعلقات کو باہمی فائدہ مند اقتصادی تعلقات میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔صدر مملکت عارف علوی سے ایوان صدر میں پاکستان میں قطر کے سبکدوش ہونے والے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمن فیصل الثانی نے ملاقات کی ، صدر نے قطر کی حکومت کو پاکستانی تارکین وطن کی میزبانی پر سراہا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ قطر ہنر مند پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ کرے گا اور پاکستان میں مزید ویزہ سہولیات کھولے گا۔صدر مملکت نے اسلامو فوبیا کے خلاف کوششوں پر قطر کی قیادت کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ عالم اسلام کو دنیا میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے خلاف اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بھی اجاگر کیا۔صدرمملکت نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ اوربھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں ہندوستانی سیکورٹی فورسز کے ذریعہ کئے جانے والے مظالم علاقائی امن اور سلامتی کے لئے مسلسل خطرہ ہیں۔
افغانستان کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور قطر کو افغانستان میں امن و استحکام کے ساتھ ساتھ پاکستان میں افغان مہاجرین کو ضروری انسانی امداد کی فراہمی کے لیے مل کر کام جاری رکھنا چاہیے۔صدر مملکت نے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر قطر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قطر نے اس طرح کے میگا سپورٹس ایونٹ کا کامیابی سے انعقاد کر کے قابل تعریف کام کیا ہے۔
انہوں نے گزشتہ سال کے سیلاب کے دوران پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد فراہم کرنے پر بھی قطر کا شکریہ ادا کیا۔صدر مملکت نے سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں ہمہ گیر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے کردار کو سراہا۔