لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا اسپیل مزید بڑھ گیا
لاہور(قدرت روزنامہ) محکمہ موسمیات نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کی بارشوں کا اسپیل مزید بڑھنے کی پیش گوئی کر دی، مون سون کی بارشیں 8 کے بجائے 10 جولائی تک رہیں گی۔بارشوں کے حوالے سے واسا سمیت دیگر اداروں کو الرٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں دوپہر کے وقت بارش ہونے کا امکان ہے تاہم اس وقت لاہور میں گرمی اور حبس کا موسم ہے۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔بدھ 5 جولائی کو لاہور میں بارش کا 30 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا تھا، شہر میں صبح 4 سے مسلسل موسلادھار بارش ہوتی رہی جس سے نشیبی اور پوش علاقے زیر آب آگئے جبکہ اہم شاہراہوں پر کئی گھنٹے پانی کھڑا رہا۔
دوسری جانب، بالاکوٹ و گردونواح میں موسلادھار بارش کا سلسلہ رات گئے سے جاری ہے، وادی کاغان اور ملحقہ مقامات پر بھی بارش جبکہ کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔موسلادھار بارش سے ندی نالوں اور دریائے کنہار میں طغیانی آگئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ آئندہ 12 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
راولپنڈی نالہ نئی میں پانی کی سطح بلند
جڑواں شہروں میں موسلادھار بارش سے نالہ لئی میں پانی کی سطح 7 فٹ تک بلند ہوئی، فوج سمیت تمام ادارے ہائی الرٹ رہے۔راولپنڈی فلڈ کنٹرول روم کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد میں مجوعی طور پر 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گی، سید پور میں 14 ملی میٹر، گولڑہ میں 41 ملی میٹر، شمس آباد میں 13 اور چکلالہ میں 24 ملی میٹر بارش ہوئی۔
بارش سے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 7 فٹ تک بلند ہوئی، انتظامیہ نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پاک فوج سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ کر رکھا ہے۔