نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں، وزیراعظم


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی اور چیز نہیں۔نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں نوجوانوں کو میرٹ پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ دئیے جائیں گے۔ نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کے لیے بجٹ میں 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے رہا ہوں کلاشنکوف نہیں۔ نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ وسائل ہوں تو قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو ایک لاکھ نہیں ایک کروڑ لیپ ٹاپ تقسیم کروں۔ مشکل حالات میں حکومت سنبھالی۔ موجودہ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے نبرد آزما ہوئی۔ پاکستان جلد اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا۔
دوسری جانب سماجی تحفظ اکاؤنٹ کا اجرا کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بینظیرانکم سپورٹ پروگرام میں رواں سال بہت بہتری لائی گئی۔ بی آئی ایس پی کےتحت متاثرین کودی جانیوالی امداد تعلیم کےفروغ پربھی خرچ ہونی چاہیے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال تباہ کن سیلاب آیا۔سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے۔ اتحادی حکومت سیلاب کے دوران ہر جگہ پہنچی۔ آج بھی سیلاب کی تباہ کاریوں کے اثرات نظر آتے ہیں۔