اہلِ کراچی کیلیے مزید الیکٹرک بسیں کل پہنچ جائیں گی، شرجیل میمن
کراچی(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہریوں کے لیے مزید الیکٹرک بسیں کل کراچی پہنچ جائیں گی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں کی چارجر کا ایشو تھا، جو حل ہوگیا ہے اور اضافی چارجرز بھی منگوا لیے گئے ہیں۔ کل سے الیکٹرک بسیں سڑکوں پر ہوں گی۔ اس کے علاوہ کراچی کے شہریوں کے لیے مزید بسیں بھی آرہی ہیں ۔ کل کراچی میں مزید بسیں پہنچیں گی اور اس کے بعد جولائی کے آخر میں بھی مزید بسیں کراچی آئیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم صحت سہولیات کے حوالے سے پاکستان میں نمبر ون ہیں ۔ سندھ میں علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ کی ضرورت نہیں، کوئی بھی شخص ہمارے اسپتالوں میں علاج کروا سکتا ہے ۔ میری طبیعت خراب ہوئی تو میں این آئی سی وی ڈی حیدر آباد میں گیا ۔ یہاں لوگوں کا سرکاری اسپتالوں پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ 15 جولائی سے دھابیجی اکنامک زون شروع کیا جارہا ہے ۔ جو کہ پبلک پرائیویٹ پالیسی کے تحت ہے ۔ اس سے روزگار اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ۔ ہم یہاں لوگوں کو بہت سہولیات اور اچھا ماحول دے رہے ہیں ۔ یہاں سرمایہ کاری کرنے والوں کو مشینری ڈیوٹی اور 10 سالہ ٹیکس سے چھوٹ دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر نے بتایا کہ ہم نے ساحلی پٹی پر اربن فاریسٹ کا کام کیا ہے ۔ ہمارے کاموں کو عالمی اداروں نے سراہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے ایک اور منصوبے پر بھی کام شروع کیا تھا ۔ جتنی بھی سندھ میں قدرتی معدنیات ہیں، ان کے لیے پوری دنیا کو یہاں لائیں گے اور سرمایہ کاری پر آمادہ کریں گے۔ اس سلسلے میں ایک کانفرنس ہونی تھی جو سیلاب کی وجہ سے ملتوی کی گئی ، اہم اب پوری دنیا کو کانفرنس میں مدعو کریں گے، جس سے یہاں مختلف ممالک سرمایہ کاری کریں گے اور لوگوں کو روزگار میسر آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو جس ملک بھی گئے، وہاں نوجوانوں کے روزگار کی بات کی ۔ پاکستان میں آئی ٹی سیکٹر کمزور ہے، ہم کوشش کررہے ہیں اس سیکٹر میں بہتری لائیں اور نوجوانوں کو مواقع ملیں ۔ ہمارا منصوبہ ہے کہ آئی ٹی یونیورسٹی ہر ضلع میں قائم کی جائے گی ۔ ہمیں اختلافات کے بجائے مل کر پاکستان کے لیے کام کرنا ہوگا ۔ منفی اور نفرت کی سیاست بہت ہوچکی ۔ اب چیزوں کو بہتری کی طرف لے کر جانا ہے تاکہ سب ایک پیج پر ہوں۔
کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں سے متعلق بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہاں آپریشن جاری ہے۔ اس علاقے میں کئی چیلنجز ہیں، اس سلسلے میں آئی جی اور وزیراعلیٰ آپریشن کی مانیٹرنگ کررہے ہیں۔سندھ میں نگراں حکومت کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعلیٰ کے ناموں پر غور ابھی نہیں ہوا اور مجھے معلوم بھی نہیں کہ کون نگراں وزیراعلیٰ آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب ایک دوسرے کے خلاف الیکشن ضرور لڑتے ہیں، تاہم ایم کیو ایم کے ساتھ ہمارا اتحاد ہے۔ ہم ان کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔