مرتضیٰ وہاب تو صرف ایک چہرہ ہے، پیچھے کام کرنے والے وڈیرے ہیں، حافظ نعیم الرحمٰن
کراچی (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ مرتضیٰ وہاب تو صرف ایک چہرہ ہے پیچھے کام کرنے والے وڈیرے ہیں۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ 50 سال سے عباسی شہید اسپتال قائم ہے، میں نے اسپتال کا دورہ کیا اس وقت ہر جگہ گندا پانی ہی نظر آ رہا ہے، مریض یہاں شفایابی کے بجائے بیماری کا ذریعہ بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر رہے آج میئر ہیں لیکن کام نہیں کر رہے، یہ اسپتال ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہے، اس لیے کام نہیں ہو رہا۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 15 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت ہے لیکن کام نہیں کر رہے، اس وقت اسپتال میں دوائیں بھی موجود نہیں، اسپتال کا یو پی ایس خراب ہو جائے تو ڈاکٹرز چندا کر کے صحیح کراتے ہیں۔
جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ اس وقت ایک صوبے میں دو نظام چل رہے ہیں، ہمارے نمائندوں کے پاس اختیارات نہیں لیکن کام کی کوشش کرتے رہیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ ہم ان کو بے نقاب کریں گے ان سے کام کرائیں گے، اسپتال کا بجٹ کہاں لگا ہے؟ کراچی پر تو نہیں لگا، عباسی شہید اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے لیے آلات موجود نہیں، اسپتال میں ایکسرے ڈپارٹمنٹ بند ہے، ایم آر آئی مشین بند ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میئر اس وقت کام نہیں کر رہے، جب نوٹس لیتے ہیں اس کے بعد کرپشن مزید بڑھ جاتی ہے، وزیر صحت یہاں توجہ دیں، ہم بہترین اور مضبوط اپوزیشن کریں گے۔حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم نے تو الیکشن مہم پر ایک فیصد ہی خرچ کیا تھا، جماعت اسلامی کے لیے فنڈز مزید بڑھ رہے ہیں۔