سائفر و آڈیو لیک تحقیقات؛ شاہ محمود اور اسد عمر ایف آئی اے میں پیش


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) ایف آئی اے میں سائفر و آڈیو لیک تحقیقات میں تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی اور سابق سیکرٹری جنرل اسد عمر جوائنٹ انکوائری ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے۔دونوں نے انکوائری ٹیم کو اپنا اپنا بیان ریکارڈ کرادیا۔
پیشی کے بعد شاہ محمودقریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دو گھنٹے تحقیقات ہوئیں، میں نے سوالات کے جواب دیے، عمران خان کو بھی بلایاگیا ہے کل وہ پیش ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سائفر ایک حقیقت ہے، ذمہ دار لوگوں نے مختلف بیانات دیے، سول و ملٹری لیڈر شپ نے اتفاق کیا، سائفر پر نیشنل سیکورٹی کے دو اجلاس بلائے گئے، ایک عمران خان دوسرا شہباز شریف کی زیرصدارت ہوا، دونوں میں سائفر کی حقیقت کو مانا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون رانا جبار کی سربراہی میں 8 رکنی جوائنٹ انکوائری ٹیم ایف آئی اے ہیڈکوارٹر میں سائفر کیس کی تحقیقات کررہی ہے۔
ٹیم میں ایف آئی اے کے مختلف ونگز کے افسران سمیت تین انٹیلی جنس اداروں کے گریڈ 19 افسران بھی شامل ہیں۔ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ نے انکوائری کے لیے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر کو طلب کیا تھا۔