والدہ کو شوبز انڈسٹری میں کام کرنے پر اعتراض تھا: رابعہ کلثوم


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی ابھرتی اداکارہ رابعہ کلثوم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی والدہ کو ان کے شوبز انڈسٹری میں کام کرنے پر اعتراض تھا۔
اداکارہ رابعہ کلثوم لیجنڈری اداکارہ پروین اکبر کی بیٹی ہیں، شوبز خاندان سے تعلق رکھنے والی رابعہ کلثوم ان چند اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جنہوں نے تھوڑے ہی عرصے میں جاندار اداکاری کی بدولت خود کو انڈسٹری میں منوایا ہے، انہوں نے سپر ہٹ ڈرامے فرق اور فراڈ سے شہرت پائی۔
غیر ملکی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ رابعہ کلثوم نے بتایا کہ والدہ نہیں چاہتی تھیں کہ میں شوبز انڈسٹری میں آؤں، والدہ جس وقت سے انڈسٹری میں کام کررہی ہیں اس وقت اس شعبے میں لڑکیوں کا کام کرنا معیوب سمجھا جاتا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اسی لیے والدہ کے دل میں ڈر تھا کہ انہوں نے جن چیزوں کا سامنا اپنے زمانے میں کیا ہے یا جن حالات سے وہ گزری ہیں ان چیزوں اور حالات سے میری بیٹی کو بھی گزرنا پڑے گا۔
اداکارہ نے کہا کہ اگر اس نظریے کو لے کر بات کریں تو میں اپنی والدہ کے فیصلے سے متفق ہوں، ان کا فیصلہ اس وقت بالکل صحیح تھا جس وقت میں نے آنے کی خواہش ظاہر کی تھی، یہ ہی بنیادی وجہ تھی اور میں اس کا بہت احترام کرتی ہوں۔
ڈرامہ انڈسٹری میں قدم رکھنے کے حوالے سے رابعہ نے بتایا کہ شادی کے بعد میری مشکل حل ہو گئی، شوہر کی اجازت کے بعد میں نے شوبز انڈسٹری کو جوائن کیا،شوہر ریحان نے مجھے سپورٹ کیا کیوں کہ وہ خود بھی ایکٹنگ میں خاصی دلچسپی رکھتے ہیں۔