خام تیل کی قیمتیں 7 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)خام تیل کی قیمتیں بین الاقوامی منڈی میں سات ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کی بدولت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔رائٹرز کا کہنا ہے کہ گلوبل بینچ مارک برطانوی برینٹ کروڈ آئل کی قیمت رواں سال جنوری کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔
اس کی بنیادی وجوہات امریکی ایندھن کے ذخائر میں کمی، روس اور سعودی عرب کی جانب سے پیداوار میں کمی ہے۔گزشتہ روز برطانوی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں 44 سینٹس اضافہ دیکھنے میں آیا، اس اضافے کے بعد قیمت 86.59 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔
رائٹرز کے مطابق ایک موقع پر قیمت 87.65 ڈالر پر بھی پہنچ گئی تھی جو 27 جنوری 2023 کے بعد بلند ترین سطح ہے، دوسری جانب امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کی قیمت 84.65 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی جو نومبر 2022 کے بعد بلند ترین سطحتھی لیکن بعد میں قیمت 83.34 ڈالرفی بیرل تک گر گئی۔