شیخ عبدالرحمٰن السدیس مسجد الحرام اور مسجد النبوی مذہبی امور کے سربراہ مقرر


ریاض(قدرت روزنامہ) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے شیخ ڈاکٹرعبدالرحمن السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد النبوی مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ بدرجہ وزیر مقرر کردیا۔
سعودی خبرایجنسی کے مطابق ایوان شاہی سے جاری فرمان میں کہا گیا ہے کہ شاہ سلمان نے ڈاکٹرعبدالرحمن بن عبدالعزیز السدیس کو مسجد الحرام اور مسجد النبوی مذہبی امور انتظامیہ کا سربراہ بدرجہ وزیر مقررکیا ہے۔ایوان شاہی نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ شاہی فرمان پرعمل درآمد کا اہتمام کریں۔
سعودی کابینہ نے مسجد الحرام و مسجد النبوی مذہبی امور کی پریذیڈنسی کے نام سے دو نئے خودمختار اداروں کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔مسجد الحرام اور مسجد النبوی مذہبی امور پریذیڈنسی کے نام سے خودمختار ادارہ انتظامی اعتبار سے براہ راست بادشاہ کے ماتحت ہوگا۔
حرمین شریفین میں آئمہ اور موذن کے امور کی نگرانی اور دونوں مساجد میں مذہبی امور سے متعلق تمام معاملات، اختیارات اور فرائض نئے ادارے کو منتقل ہوجائیں گے۔حرمین شریفین جنرل پریذیڈنسی سے منسلک علمی اسباق اور وعظ و نصیحت کی مجالس کے انتظامات بھی نئے ادارے کے حوالے کیے گئے ہیں۔
کابینہ نے مسجد الحرام و مسجد نبوی امور کی جنرل پریذیڈنسی کو مسجد الحرام و مسجد النبوی امور کی نگراں جنرل اتھارٹی میں تبدیل کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔اتھارٹی مالیاتی اور انتظامی اعتبار سے خودمختار ہوگی۔ انتظامی اعتبار سے بادشاہ سے مربوط ہوگی۔ سابقہ ادارے کے اختیارات و فرائض اور امور نئے ادارے کو منتقل کردیے گئے۔