دریائے ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، کئی شہر متاثر ہونے کا خدشہ، اسکول بند


لاہور (قدرت روزنامہ)دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث پنجاب کے مختلف علاقوں عارف والا، بہاولنگر اور چشتیاں میں بستیاں ڈبونے کے بعد لودھراں کی دریائی بیلٹ بھی سیلاب کے نشانے پر ہے۔دریائے ستلج میں میلسی سائفن کے مقام پر پانی کے بہاو میں تیزی سے اضافے کے باعث 40 موضع جات اور سینکڑوں بستیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
سیلاب کی وجہ سے 24 سکول بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ محکمہ تعلیم نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں چھٹیاں غیر معینہ مدت تک بڑھا دی ہیں۔ ادھر بہاولپور میں دریائی بیلٹ کی کئی بستیوں سے لوگ محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے، بورے والا کے مقام پر بھی پانی کی سطح میں اضافے سے متعدد چھوٹے بند ٹوٹ گئے ہیں۔
ادھر دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے کے باعث پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ دریائے سندھ اور ستلج میں سیلابی صورتحال ہے، شہری دریاں، ندی نالوں میں نہانے اور سیر و تفریح سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے نے کہا کہ دریائے ستلج میں ہیڈ اسلام کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور سلیمانکی اور گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔
ترجمان نے کہا کہ نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو رہا ہے اور دریا میں تربیلا کالا باغ، چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دریائے چناب،راوی اور جہلم میں پانی کا بہا نارمل ہے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے صورتحال کی مانیٹرنگ جاری ہے۔