لازمی نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے میں اتفاق کیا جائے، نگراں وزیراعظم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ضروری نہیں کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے میں اتفاق کیا جائے، ملکوں کے درمیان کئی امور پر اتفاق اور کئی امور پر اختلاف رہتا ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی امریکا کے طالب علموں سے ملاقات میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا امریکا کے ساتھ مثبت اور تعمیری تعلق ہے اور ہم امریکا کے ساتھ طویل مدتی شراکت داری چاہتے ہیں لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ امریکا کے ساتھ ہر معاملے میں اتفاق کیا جائے، ممالک کے درمیان کئی امور پر اتفاق اور کئی امور پر اختلاف رہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے کے لیے امریکا کے ساتھ قریبی تعاون ہے، امریکی معاشرہ ایک متنوع حیثیت کا مالک ہے اور امریکا نے گزشتہ دو صدیوں میں زبردست ترقی کی بقیہ ممالک کے لیے امریکا کی ترقی میں سیکھنے کے مواقع موجود ہیں۔