ریحام خان سے قبل بھی دو شادیاں ہوئی تھیں، مرزا بلال کا انکشاف
کراچی (قدرت روزنامہ)چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف کی سابقہ اہلیہ اور میزبان، ریحام خان کے شوہر، مرزا بلال نے انکشاف کیا ہے کہ ریحام سے شادی سے قبل بھی اُن کی دو شادیاں ہوئی تھیں۔ریحام خان اور اُن کے شوہر مرزا بلال نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں پہلی بار ایک ساتھ انٹرویو دیا ہے جس میں اس جوڑی نے اپنی زندگیوں سے متعلق نئے انکشافات کیے ہیں۔
انٹرویو کے دوران ریحام خان کا بتانا تھا کہ وہ کراچی ہی اس لیے منتقل ہوئی ہیں کہ وہ کوئی نہ کوئی سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ رکھتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سماجی کام کرنے سے سارے مسائل حل نہیں ہو سکتے، جو ہو چکا سو ہو چکا، وہ پاکستان کو نئی سمت میں لے جانے کے لیے کسی بھی سیاسی جماعت میں حصہ لیں گی، وہ پاکستان کی بہبود کے لیے کام کرنا چاہتی ہیں اور اس کے لیے پارلیمنٹ کا رستہ ہی صحیح سمت ہے۔
ریحام خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ بطور پختون وہ اپنی زندگی میں اردو اسپیکنگ شخص سے شادی کریں گی، اس پر اُن کے شوہر مرزا بلال کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ کسی پختون خاتون سے شادی کریں گے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران ایک سوال کے جواب میں 36 سالہ مرزا بلال کا بتانا تھا کہ ریحام خان سے قبل بھی اُن کی دو شادیاں ہو چکی ہیں۔مرزا بلال کا بتانا تھا کہ اُن کی پرانی دونوں شادیاں ٹوٹ چکی ہیں، دونوں سے اُن کی طلاق ہو چکی ہے۔
اس دوران ریحام خان نے ہنستے ہوئے بتایا کہ انہوں نے شادی سے قبل مرزا بلال کی طلاقوں کے کاغذات خود دیکھے تھے، اُن کے ساتھ جتنا کچھ زندگی میں ہو چکا ہے، اُنہوں نے اپنی تسلی کے بعد مرزا بلال سے شادی کی تھی۔ مرزا بلال کا بتانا تھا کہ اُنہیں ریحام خان کی کسی ایک خصوصیت نے متاثر نہیں کیا تھا، ریحام خان میں متعدد خصوصیات ہیں جو اُنہیں پسند آئیں۔