9 مئی واقعات: خدیجہ شاہ سمیت 97 افراد کی رہائی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ


لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور ہائیکورٹ نے 9 مئی واقعات میں گرفتار خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ سمیت 97 افراد کی رہائی کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا . لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس مس عالیہ نیلم اور جسٹس اسجد جاوید نے خدیجہ شاہ و دیگر کی ضمانتوں کی درخواستوں پر سماعت کی، سپشل پراسیکیوٹر فرہاد شاہ نے ملزمان کی درخواست ضمانتوں کی مخالفت کی .


سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد شاہ نے کہا کہ مقدمہ میں نئی دفعات لگا دی گئی ہیں، زیادہ تر ملزمان ریمانڈ پر ہیں . وکیل ملزمان نے مؤقف اختیار کیا کہ ہم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، جس پر جسٹس مس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیئے کہ آپ اگر پہلے مذمت کردیتے تو اب تک جان چھوٹ جاتی، وکیل ملزمان نے جواب دیا کہ یہ تو جناح ہاؤس کا قبضہ چھڑوانے گئے تھے جس پر جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا آپ اعتراف جرم کررہے ہیں .
ملزمان کے وکیل نے کہا کہ باہر اندھیرا ہی اندھیرا ہے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہر اندھیرے کے بعد روشنی ہوتی ہے .
عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ کیا مقدمہ کی تفتیش مکمل ہوئی اور اگر ہوئی ہے تو کیا نتجہ اخذ کیا گیا، جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ مقدمہ کی تفتیش ابھی جاری ہے . بعد ازاں عدالت عالیہ نے خدیجہ شاہ، عالیہ حمزہ سمیت 97 افراد کی رہائی کی درخواست ضمانتوں پر فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا .

. .

متعلقہ خبریں