پہلی سہ ماہی میں 3300 پاکستانی کمپنیوں کی دبئی چیمبر میں شمولیت
دبئی(قدرت روزنامہ) سال رواں کی پہلی سہ ماہی میں 3300 پاکستانی کمپنیوں نے دبئی چیمبر آف کامرس میں شمولیت اختیار کی ہے۔سال رواں 2023 کی پہلی سہ ماہی میں تین ہزار300 پاکستانی کمپنیوں نے دبئی چیمبر آف کامرس میں شمولیت اختیار کی۔ متحدہ عرب امارات میں ملک کے اعلیٰ سفارتکار نے اسے پاکستانی کاروبار کی متحرکیت اور سرمایہ کاری کی منزل کے طور پر متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی کشش کی عکاسی قرار دیا۔
چیمبر نے اس ہفتے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ پہلی سہ ماہی کے دوران مجموعی طور پر 30 ہزار 146 نئی کمپنیاں شامل ہوئیں۔ ہندوستان چھ ہزار 717 نئی کمپنیوں کے ساتھ اس فہرست میں سرفہرست ہے۔ اس کے بعد یو اے ای ہے جس نے چار ہزار445 فرمیں رجسٹر کی ہیں۔
پاکستان تین ہزار 395 نئے کاروباری اداروں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، جو کہ گذشتہ سال کی پہلی سہ ماہی سے 59 فیصد زیادہ ہے۔مجموعی طور پر دبئی چیمبرز کے ساتھ پاکستانی کمپنیوں کی تعداد 40 ہزار315 تک پہنچ گئی۔
پاکستانی سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا کہ یہ واقعی ایک مثبت پیشرفت ہے ۔گزشتہ سال کے دوران، امارات میں پاکستانی تارکین وطن کی تعداد تقریباً 1.6 ملین سے بڑھ کر 1.8 ملین ہو گئی ہے۔