عثمان ڈار کو کراچی سے اغوا اور جبری لا پتہ کیا گیا: تحریک انصاف کا الزام


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے پارٹی رہنما عثمان ڈار کو اغوا کرکے جبری لاپتہ کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عثمان ڈار کو نا معلوم افراد نے کراچی کے علاقے ملیر سے اغوا کیا۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو جبری طور پر لاپتہ کرنے کا نیا سلسلہ شروع ہوا ہے، عثمان ڈار کو بازیاب اور مجاز عدالت میں پیش کیا جائے۔
تحریک انصاف نے کہا کہ پہلے عون عباس بپّی، پھر صداقت عباسی اور اب عثمان ڈار کو اغوا کیا گیا، پارٹی کو کچلنے کا یہ نیا کلیّہ بھی پہلے حربوں کی طرح ناکام ہوگا۔