کراچی میں چھاپوں کے دوران 138 افغان باشندے گرفتار
کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 138 افغانوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی پولیس نے غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کرنے آنے والے افغانیوں کے خلاف شہر بھر میں سخت کریک ڈاؤن شروع کردیا، شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 138 افغان باشدوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق کورنگی کے مختلف علاقوں سے 45 افغانی باشندے گرفتار کیے گئے، ایسٹ پولیس نے 23 افغان باشندوں کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے ہیں، ویسٹ کے مختلف علاقوں سے 34 افغان باشندوں کو فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا، سٹی پولیس نے 9 افغانی باشندے گرفتار کیے، ڈسٹرکٹ ملیر میں پولیس نے چھاپوں کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم 14 افغان باشندے گرفتار کرلیے۔ ساؤتھ سے دو افغان باشندوں کو گرفتارکیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق افغان باشدوں میں مشکوک افراد کا کرمنل ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔دریں اثنا پاکستان رینجرز (سندھ) کا بھی غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، دوران اسنیپ چیکنگ حب چیک پوسٹ پر 41 غیر قانونی مقیم تارکین وطن افراد کو گرفتار کرلیا جن میں مرد، عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔
رینجرز کے مطابق حب چیک پوسٹ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران شناختی کوائف کی جانچ پڑتال پر ان25 افراد کے پاس سے ایکسپائر افغانی شناختی کارڈ ملے جن پر بلوچستان کا ایڈریس بھی درج ہے جبکہ 16 دیگر افراد کو شناختی دستاویزات مہیانہ کرنے پر موقع سے گرفتار کیا گیا۔