جماعت اسلامی کا پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کیخلاف دھرنے کا اعلان
لاہور (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہوئے چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر دھرنے کا اعلان کر دیا۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کے کہنے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے عوام کا جینا مشکل بنا دیا۔
اس صورتحال میں خاموش رہنا موت ہے، لوگ گھروں سے نکلیں، ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی عوامی حمایت کے ذریعے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لینے پر مجبور کرے گی۔
بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاجی تحریک چلائی جا رہی ہے، سراج الحق نے مزید کہا کہ چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے باہر عوامی دھرنے دیں گے، لوگ موت کا انتظار کرنے کے بجائے گھروں سے نکلیں اور جماعت اسلامی کی تحریک کا حصہ بنیں۔
دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے رہنما سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ سردار عبدالرحیم کا کہنا تھا کہ روز آئی ایم ایف کے خنجر سے عوام کو مارا جا رہا ہے، پی ڈی ایم کا آئی ایم ایف معاہدہ پاکستان دشمن ثابت ہوا۔