راولپنڈی اور جہلم میں ایف آئی اے کے چھاپے ،اربوں روپے برآمد ، 10 افراد گرفتار


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی میں ایف آئی اے کے چھاپے کے دوران پلازے سے خزانہ نکل آیا ، 13 لاکرز سے رقوم رات گئے تک نکالی جاتی رہیں۔ صرف ایک جگہ سے کروڑوں روپے برآمد کر لئے گئے، 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ایف آئی اے نے حساس اداروں کی رپورٹ پر شمس آباد میں پلازے پر چھاپہ مارا ، کارروائی سے پہلے ایک ہفتے تک ریکی کی جاتی رہی۔ ڈبل بیسمنٹ کے پارکنگ ایریا کا بظاہر لوہے کا ایک چھوٹا دروازہ تھا ، جہاں کنسٹرکشن کا فالتو سامان رکھا گیا تھا۔
چھاپہ مار ٹیم کے دیواروں کو ٹھونکنے پر ایک جانب گونج دار آواز آئی تو دیوار توڑی گئی، جہاں ایک چھوٹا خفیہ دروازہ برآمد ہوا، دروازے سے اندر داخل ہونے پر دیوار کیساتھ بڑے سائز کے 13 آہنی لاکرز چنے ہوئے ملے۔ اس کیساتھ سکیورٹی سسٹم اور جگہ جگہ کیمرے لگے ہوئے تھے۔
کارروائی کی اطلاع ملنے پر پلازے اور رقم کا مالک قانونی دستاویزات لے کر پہنچا اور چھاپہ مار ٹیم کو مطمئن کرنے کی بھی کوشش کی۔ جس کے بعد ڈیجیٹل سیف کاٹنے کے لئے منگوائے کٹرز واپس بجھوا دیئے گئے۔ تو مالک نے خود لاکرز کو کھولا۔
اطلاعات کے مطابق راولپنڈی نجی مال پلازہ میں نکلنے والی رقم پر ایف آئی اے اور پلازہ مالک کے مابین تلخ کلامی بھی ہوئی ہے۔ پلازہ مالک نے کہا کہ برآمد رقم یہی پر رکھی جائے جبکہ ایف ائی اے حکام نے کہا کہ رقم ہم ساتھ لیکر جائینگے۔ بعد ازاں ایف آئی اے نے معاونت کے لئے پولیس کو طلب کر لیا۔
مالکان کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ہائوسنگ سوسائٹی کے کاروبار سے وابستہ ہیں ، ابتدائی رپورٹ ایف آئی اے حکام کو بھجوا دی گئی۔علاوہ ازیں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ایف آئی اے نے جہلم میں چھاپہ مار کر ایچ اینڈ ایچ اور الحمید کرنسی ایکسچینج سے لاکھوں ڈالرز، پاؤنڈ اور ریال اور کروڑوں روپے برآمد کرلئے اور 8 افراد کو گرفتار کر لیا۔