سکولوں میں قرآن مجید سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ طلب
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری وزارت تعلیم سے قرآن مجید سمیت دیگر اسلامی کتابیں پڑھانے سے متعلق رپورٹ اور سکولوں میں پڑھانے والا نصاب طلب کر لیا۔
تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن وترجمہ لازمی قرار دینے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ آئین کے ایکٹ 2017 کے تحت پنجاب میں ناظرہ قرآن و ترجمہ اور اسلامی تاریخ پڑھانا لازمی ہے، وفاقی حکومت نے ابھی تک پاس کردہ قوانین پر عملدرآمد نہیں کیا۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق کا کہنا تھا کہ ویسے تو تعلیمی اداروں میں شرعیہ، اسلامیات، قرآن ناظرہ سب کچھ پڑھا رہے ہیں۔وزارت تعلیم کے نمائندے نے کہا کہ تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ناظرہ قرآن اور ترجمہ پڑھایا جارہا ہے۔
عدالت نے وزارت تعلیم سے آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹس طلب کر لیں اور وزارت تعلیم کے نمائندے کو ہدایت دی کہ کس کلاس میں کیا پڑھایا جا رہا ہے، یہ آپ نے بتانا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 14 نومبر تک کیلئے ملتوی کر دی۔