پریس کانفرنس ابھی نہیں کرنی، پرویز الٰہی کی کمرہ عدالت میں گفتگو
لاہور (قدرت روزنامہ) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی، جس میں انہوں نے کہا کہ پریس کانفرنس ابھی نہیں کرنی۔ پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ آج کی مہنگائی کے ذمے دار نواز شریف اور شہباز شریف ہیں۔ دونوں بھائیوں نے آئی ایم ایف سے غلط شرائط پر قرضے لیے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے ایسا کوئی معاہدہ نہیں کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں مزید بے روز گاری ہونے جارہی ہے ۔ اس ملک کو بہتر کرنا ہوگا ۔ لوگ خودکشیوں پر اتر آئے ہیں ۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت کے پیچھے نواز شریف اور شہباز شریف فارمولا ہے ۔ افغانستان جیسا ملک ہم سے آگے جارہا ہے ۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پیٹرول کی یہ قیمت نہیں تھی ۔
قبل ازیں ضلع کچہری میں جسمانی ریمانڈ سے متعلق کیس کی سماعت کے موقع پر پرویز الٰہی کے وکیل رانا انتظار نے اعتراض کیا کہ پراسیکیوٹر دلائل نہیں دے سکتے، ان کے پاس اتھارٹی لیٹر نہیں ہے۔ کل انہوں نے ہی یہ فیصلہ چیلنج کردینا ہے۔
اینٹی کرپشن پراسیکیوٹر نے عدالت میں بتایا کہ پہلے والے بیل آرڈر میں بھی میرے دستخط موجود ہیں ۔ میں عدالت میں انڈرٹیکنگ دینے کو تیار ہوں کہ ان کیسز میں پیش ہونے کے لیے میرا آرڈر ہوا ہے۔