لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب، پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستان واپسی پر نواز شریف کو مایوسی ہو گی، عوام استقبال کے بجائے ان سے حساب مانگیں گے . لاہور میں چوہدری پرویز الہٰی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ اور فوج پر اعتماد ہے، دونوں ادارے ملک کی سلامتی کے ضامن ہیں .
ان کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی حلف برداری پر خوشی ہے، انہوں نے پہلے دن سے ہی اچھا آغاز کیا ہے . پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستان کے موجودہ حالات کا ذمے دار شریف خاندان ہے، آئی ایم ایف سے ظالمانہ معاہدے کی سزا عوام بھگت رہے ہیں .
انہوں نے کہا ہے کہ پیٹرول، بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور منہگائی نواز اور شہباز کی وجہ سے ہے، نگراں حکومت پی ڈی ایم کا تسلسل ہے . سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا ہے کہ موجودہ کابینہ میں سارے ن لیگ کے پسندیدہ لوگ ہیں، الیکشن کا اعلان ہو تب پتہ چلے گا کہ کون کس پوزیشن میں ہے .
پی ٹی آئی رہنما چوہدری پرویز الہٰی کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدلیہ تو مجھے انصاف دے رہی ہے مگر یہ لوگ چھوڑنے کو تیار نہیں .