پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی کے بعد پہلی تصویر وائرل
ممبئی(قدرت روزنامہ) گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھنے والی بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور اُن کے شوہر راگھو چڈھا کی شادی کے بعد پہلی تصویر منظرِ عام پر آگئی ہے۔
پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا نے گزشتہ روز ریاست راجستھان کے شہر اودے پور میں پنجابی رسم و رواج کے مطابق شادی کی، شاہی شادی کے بعد اس جوڑے کے مداح اُن کی پہلی جھلک دیکھنے کے لیے بےتاب تھے۔اب شادی کے استقبالیہ سے اس جوڑے کی پہلی تصویر سامنے آئی ہے جس نے انٹرنیٹ پر دھوم مچا دی ہے۔
وائرل تصویر میں پرینیتی چوپڑا کو ‘بےبی پنک’ ساڑھی میں دیکھا گیا جبکہ اُن کے شوہر راگھو سیاہ سوٹ میں نظر آئے، اداکارہ نے ‘بےبی پنک’ ساڑھی کے ساتھ ہیروں کا ہار پہنا ہوا تھا جس سے اُن کی خوبصورتی میں مزید چار چاند لگے۔
واضح رہے کہ پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں رازداری کا خاص خیال رکھا گیا تھا اور شادی میں شریک ہونے والے مہمانوں کو ہدایت دی گئی تھی کہ جوڑے کی تصویر لے کر سوشل میڈیا پر وائرل نہ کی جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرینیتی چوپڑا اور راگھو چڈھا کی شادی میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان سمیت پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ثانیہ مرزا نے بھی شرکت کی۔