شاہ رخ خان اور پرابھاس آمنے سامنے، بالی وڈ کے بڑے تصادم کیلئے تیار ہوجائیں


ممبئی(قدرت روزنامہ) فلمی شائقین بالی وڈ انڈسٹری کے سب سے بڑے تصادم کیلئے تیار ہوجائیں، رواں برس کرسمس پر شاہ رخ خان اور برابھاس کی فلمیں ایک ساتھ ریلیز ہوں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق برابھاس کی میگا تھرلر فلم ’سالار‘ کی ریلیز کیلئے 22 دسمبر کی تاریخ مقرر کی گئی جو پہلے ہی سے کنگ خان کی ’ڈنکی‘ کیلئے مختص ہے۔
بالی وڈ سپر اسٹار کی نئی فلم ’ڈنکی‘ کا مداحوں کو شدت سے انتظار ہے کیوں کہ اسے لیجنڈری فلمساز راج کمار ہیرانی بنارہے ہیں جو بالی وڈ کو متعدد بلاک بسٹر فلمیں دے چکے ہیں۔’سالار‘ کی ریلیز کیلئے 28 ستمبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی لیکن ڈائریکٹر کی طرف سے کلائمکس میں تبدیلی اور وی ایف ایکس مسائل کی وجہ سے یہ التواء کا شکار ہوگئی۔
پرابھاس کی فلم کو بلاک بسٹر فلم ’کے جی ایف‘ کے ڈائریکٹر پراشانت نیل بنارہے ہیں جب کہ انہی کی فلم ’کے جی ایف 2‘ کا تصادم بھی شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ سے ہوا تھا۔