بلوچستان جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے‘جان اچکزئی


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے اعلان کیا ہے کہ بلوچستان جدید ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ گرلز کیڈٹ کالج تربت میں کیڈٹس کا اپنے کالج کے منصوبوں کے لیے 3D پرنٹر کا استعمال اس تکنیکی تبدیلی کا آغاز ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گرلز کیڈٹ کالج تربت کے کیڈٹس اپنی لیبارٹری کی سرگرمیوں میں چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے خود فائدہ اٹھا رہے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان بھر میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو اپنانے کے ایک نئے دور کا آغاز کرتے ہوئے گرلز کیڈٹ کالج تربت سے باہر اے آئی کی سہولیات کی توسیع کے منصوبوں کا خاکہ پیش کیا۔
انہوں نے بلوچستان کی اے آئی میں سبقت حاصل کرنے کی خواہش اور اس کوشش میں چینی حکومت کے ساتھ تعاون حاصل کرنے کے ارادے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو 3D پرنٹرز اور مصنوعی ذہانت سے لیس جدید آئی ٹی لیبز قائم کرنے کے لیے مدعو کر رہے ہیں، نگران وزیر اطلاعات نے اس یقین کا اظہار کرتے ہوئے کہ ہمارے طلباء ملک کے دیگر حصوں میں اپنے ہم منصبوں کے ساتھ تیزی سے آگے بڑھیں،انہوں نے کہا کہ گرلز کیڈٹ کالج تربت میں پہلی آئی ٹی لیب جلد ہی آن لائن ہو جائے گی، جو پوری قوم کے سامنے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں بلوچستان میں آئی ٹی کے شعبے میں پیش رفت کو ظاہر کرے گی۔