ماہرہ خان کی مایوں کی تصاویر وائرل
کراچی(قدرت روزنامہ) حال ہی میں اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے اپنی مایوں اور دُعائے خیر کی تصاویر سوشل میڈیا پر جاری کردی ہیں۔
ماہرہ خان نے اپنی مایوں اور دُعائے خیر کی تصاویر انسٹاگرام پوسٹ کیں جن میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اداکارہ نے اپنی دعائے خیر میں آف وائٹ رنگ کے حیدرآبادی کُرتے کے ساتھ سنہرے رنگ کا چوڑی دار پاجامہ پہنا تھا جبکہ مایوں میں انہوں نے روایتی پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا۔
اداکارہ نے تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے اپنی والدہ کو خراجِ تحسین پیش کیا، اُنہوں نے کہا کہ ‘میری والدہ کی خواہش تھی کہ میری شادی کا آغاز دُعائے خیر سے ہو’۔
اُنہوں نے کہا کہ ‘میری خوبصورت والدہ وہیل چیئر پر ہیں اور سب کو لگتا ہے کہ وہ کچھ نہیں کرسکتیں لیکن میری والدہ واقعی میں سب کچھ کرسکتی ہیں، اُنہوں نے وہیل چیئر پر بیٹھے ہوئے شادی کے تمام انتظامات کیے اور وقت پر تیار بھی ہوگئی تھیں’۔
ماہرہ خان نے کہا کہ ‘دُعائے خیر کے بعد، میری بچپن کی سہیلیوں نے میرے لیے مایوں کی تقریب کا انتظام کیا، الحمدللہ! یہ میری وہ سہیلیاں ہیں جنہیں میں اپنی بہنیں کہہ سکتی ہوں’۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ‘میں نے دُعائے خیر سے قبل اپنی نانی اور دادی کے لیے موتیا کے پھول لے کر کانوں میں پہنی بالیوں میں ڈال لیے تھے’۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے اپنے قریبی دوست سلیم کریم کے ساتھ ایک پُروقار تقریب کے دوران شادی کی جس کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں اور پاکستان بھارت دونوں ممالک میں اداکارہ کی دوسری شادی کے خوب چرچے ہورہے ہیں۔