بلاول بھٹو وزیرِ اعظم بنیں گے تو عوام کی مشکلات ختم ہونگی: فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری وزیرِ اعظم بنیں گے تو عوام کی مشکلات ختم ہوں گی۔ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری وزیرِ خارجہ بنے تو پاکستان کی عالمی ساکھ بحال ہوئی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ اس وقت صرف پاکستان پیپلز پارٹی عام انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے، ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے عام انتخابات ضروری ہیں، الیکشن کمیشن کو چاہیے جلد انتخابات کے لیے شیڈول کا اعلان کرے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی غریبوں سے جینے کا حوصلہ چھین رہی ہے، پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ملک ترقی کرتا ہے اور نوجوانوں کو روزگار ملتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 90 لاکھ غریب خاندانوں کی مالی امداد جاری ہے۔