مختلف شہروں میں فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک کے مختلف شہروں میں آج سرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں کی حمایت میں مظاہرے ہوئے۔
پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختون خوا کے زیرِ اہتمام یک جہتیٔ فلسطین ریلی نکالی گئی۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظمِ اعلیٰ شکیل احمد نے ریلی سے خطاب کیا اور ریلی کے شرکاء نے فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔
شکیل احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسرائیل کی ناجائز ریاست کا خاتمہ کیا جائے، اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کروائے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ اہلِ غزہ کے لیے خوراک پانی اور بجلی کا بندوبست کیا جائے۔
دوسری جانب لاڑکانہ میں جماعتِ اسلامی نے فلسطینیوں کی حمایت میں جناح باغ چوک پر مظاہرہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیلی مظالم کے شکار مظلوم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی مظالم پر اقوامِ متحدہ کی خاموشی شرم ناک ہے۔
مظاہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مسلم اُمّہ کو مظلوم فلسطینیوں کی مدد کے لیے متحد ہوکر آگے آنا چاہیے۔