سندھ

معروف قوال امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ گرفتار


کراچی (قدرت روزنامہ)سی ٹی ڈی بڑی کارروائی کرتے ہوئے معروف قوال مرحوم امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ کو گرفتار کرلیا، دہشت گرد حافظ قاسم عرف گنجا کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے ہے۔
سی ٹی ڈی کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے معروف قوال مرحوم امجد صابری کے قتل کا ماسٹر مائنڈ پکڑا لیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کالعدم لشکر جھنگوی کے دہشتگرد حافظ قاسم رشید عرف گنجا کو کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید نے عاصم کیپری اور اسحاق بوبی کے ذریعے امجد صابری، رینجرز کے چار جوان ، دو آرمی اہلکار اور چار شیعہ افراد کو قتل کرایا۔
دہشت گرد قاسم رشید ایم پی اے رضا حیدر اور دیگر سنگین نوعیت کے دہشتگردی کے مقدمات میں جیل میں قید تھا۔ اور حال ہی میں جیل سے رہا ہوا اور ساتھیوں کو دوبارہ فعال کررہا تھا۔ ملزم کے ساتھیوں میں وسیم بارودی، عبداللہ، دانش ، حافظ اخلاق، پرویز ، قاری عنایت اور عبداللہ الیاس تیموری شامل ہیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد قاسم رشید دوران قید جیل سے اپنا نیٹ ورک چلاتا تھا، اس نے سیکورٹی اہلکاروں اور پولیس افسران سمیت اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل پیر مسعود، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عبدالرزاق عباسی کے قتل کی دیگر وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ دہشت گرد سے ہینڈ گرنیڈ، پستول اور باردوی مواد بھی برآمد ہوا ہے، ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
امجد صابری کو کب قتل کیا گیا
واضح رہے کہ پاکستان کے معروف قوال امجد صابری 7 برس قبل 22 جون 2016 بمطابق 16 رمضان المبارک کو ایک رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کیلئے نکلے اور مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے اس آواز کو ہمیشہ کیلئے خاموش کردیا۔
امجد صابری کون تھے
امجد صابری نے 23 دسمبر 1976 کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھیں کھولی، انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت اپنے والد غلام فرید صابری اور چچا عظمت صابری سے حاصل کی اور محض 8 سال کی عمر میں گائیکی کا آغاز کیا۔
قوالی انہیں ورثے میں ہی ملی، امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو اس انداز سے منوایا کہ جس کی مثال ملتے نہیں ملتی۔
امجد صابری نے نہ صرف پاکستان میں قوالیوں کو جلا بخشی بلکہ لندن، امریکا اور بھارت، پاکستان سمیت دنیا بھر کے 17ممالک میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔
اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر آئے، انہیں کئی ایوارڈز کے ساتھ پرائڈ آف پرفارمنس بھی ملا۔
امجد صابری کے گائے جانے والے عارفانہ کلام تاجدار حرم، بھردو جھولی میری یامحمد اور جس نے مدینے جانڑاں کرلو تیاریاں بہت مشہور ہوئے۔

متعلقہ خبریں