کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ ہائیکورٹ نے لاپتا افراد کی عدم بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سربراہ صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹی کو طلب کرلیا .
جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل بینچ کے روبرو لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی .
لاپتا شہری کے والد نے بتایا کہ ارسلان الدین پانچ سال قبل تھانہ شریف آباد کے علاقے سے لاپتا ہوگیا تھا . بیمار ہوں 5 سال سے عدالتوں کے چکر کاٹ رہا ہوں .
لاپتا افراد کی عدم بازیابی پر عدالت پولیس اور دیگر اداروں پر برہم ہوگئی . عدالت نے پولیس کو تنبیہ کرتے ہوئے ریمارکس میں کہا کہ امیدیں پوری کریں یا ختم کردیں، کوئی ایک کام کریں .
جسٹس امجد علی سہتو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیوں لاپتا افراد کے اہلخانہ کو بلا بلا کر تنگ کررہے ہو . ہم بھی صبح سے لکھ لکھ کر تھک گئے ہیں . بتادو ان کو کون لے گیا ہے اور ہم کچھ نہیں کرسکتے، جاکر خود لے لیں . ان بیچاروں کو جے آئی ٹیز اور ٹاسک فورس بلا بلا کر کیوں رلا رہے ہو . 5 سال سے بزرگ بیٹے کے لیے چکر کاٹ رہا ہے، مر گیا تو لاش دیکھا دو . سب کو سچ بات کیوں نہیں بتاتے، سب کو بتادو تاکہ یہ لوگ امید ہی ختم کردیں .
عدالت نے سربراہ صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹی کو طلب کرتے ہوئے صوبائی سیکریٹری داخلہ سے بھی رپورٹ طلب کرلی .