عمران خان کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل شیراز احمد رانجھا ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی اور عمران خان کو بیٹوں سے بات نہ کرانے پرتوہینِ عدالت کی درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کردیا۔
عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سلمان اور قاسم سے بات نہیں کروائی۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں کیا، جس پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جیل حکام کو چیئرمین پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کے حکم پر عمل درآمد کا حکم دیاجائے۔ بعد ازاں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوسی عدالت نے جیل حکام کو جواب کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 8 نومبر تک کے لیے ملتوی کردی۔