مسلم لیگ (ن )کی جانب سے میڈیا ٹیموں کو کوریج کی اجازت نہ دینا تشویش ناک ہے، بی یو جے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کا مسلم لیگ (ن )کی جانب سے میڈیا ٹیموں کو کوریج کی اجازت نہ دینے پر اظہار تشویش و مذمت اتنی بڑی سیاسی سرگرمی سے صحافیوں کو کوریج سے دور رکھنا عوام تک معلومات کی فراہمی کے عمل کو روکنے کے مترادف ہے۔بی یو جے قیادت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف سمیت پوری مسلم لیگ ن کی قیادت کوئٹہ کے دو روزہ دورے پر ہے صوبے کی سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں 40 سے زائد سیاسی رہنماوں کی شمولیت جیسے بڑی سیاسی سرگرمی سے بلوچستان کے صحافیوں اور میڈیا کو دور رکھاجارہا ہے۔ سرینا ہوٹل میں میڈیا ٹیموں کے داخلے پر پابندی لگائی گئی۔ عوام کو بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے سارا دن ٹیمیں ہوٹل کے باہر موجود رہیں مگر یہاں بات چیت یا کوریج کیلئے صحافیوں کو رسائی دینے کی بجائے مسلم لیگ ن اپنی مرضی کی خبریں لاہور سے میڈیا سیل کے ذریعے ٹی وی چینلز اور اخبارات کو جاری کرتی رہی۔ بی یو جے سمجھتی ہے میڈیا سیل اور اپنی خبریں جاری کرنا ہر جماعت کا حق ہے تاہم عوامی نوعیت کی سرگرمیوں کی آن ریکارڈ اور صحافیوں کی سامنے ہونی چاہئے تاکہ عوام تک درست اور مکمل معلومات کی رسائی ممکن ہوسکے۔ بی یو جے قیادت نے میاں نواز شریف ، شہباز شریف اور صوبائی صدر جعفرمندوخیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ ایسی کسی سرگرمی میں میڈیا کوریج کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔